• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھالیا، اپوزیشن کا شدید احتجاج، چیئرمین ڈائس کا گھیرائو، روپے کی قدر واپس لانا بڑا چیلنج، نامزد وزیر خزانہ

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حلف لیا۔اس دوران اپوزیشن نے شدیداحتجاج ‘ شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کی۔پی ٹی آئی ارکان نے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کیا اور اجلاس کےایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔


دوسری جانب حلف اٹھانے کے بعد حکومتی اتحاد کے ارکان نے اسحاق ڈار کی نشست پر جاکر مبارکباد دی۔

اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم شخصیات کو تحفظ دینے کے لیے چل رہا ہے ‘یہ ملک ایک خاندان کی جاگیر بنتا جا رہا ہے‘ملک میں اشتہاریوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے جبکہ قائد ایوان اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسحٰق ڈار منتخب سینیٹر ہیں‘دامن کسی کا بھی صاف نہیں ہے‘ شورمچانے والے اپنے گریبانوں میں جھانک کر دیکھیں کہ انکے صدر مملکت نے جب عہدہ صدارت سنبھالا تو وہ ایک ملزم تھے ۔

ادھر نامزدوزیرخزانہ اسحاق ڈارکا کہنا ہےکہ روپے کی قدر مصنوعی طور پر کم ہوئی جسے واپس لانا بڑا چیلنج ہے‘ ہنڈی والے پاکستانی روپے کو یرغمال نہیں بنا سکتے‘ اپنا قبلہ درست کرلیں‘ماضی میں پاکستانی روپے کو یرغمال بننے دیا نہ آئندہ بننے دیں گے‘عمران خان مجھ سے بچیں اور انتظارکریں کہ وہ میراراستہ روکیں گے یا میں ان کا راستہ روکوں گا ۔

 پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ ہمارےمسائل میں شامل روپے کی قدر مصنوعی طورپرگرنا ہے‘ مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور یوٹیلیٹی اسٹورزپربڑھتی قیمتیں بھی مسائل میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات پاکستان پہنچا‘ ڈالر میں10روپے کافرق پڑگیاہے‘24 گھنٹےسےبھی کم وقت میں پاکستان کےقرضے 1350ارب کم ہوگئے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ فنانسبل میں مزید تبدیلی ہونی چاہیے۔

ایوان میں آمد سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر مصنوعی طور پر کم ہوئی جسے واپس لانا بڑا چیلنج ہے‘ مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے ‘ یوٹیلیٹی پرائسز بہت بڑا چیلنج ہیں‘ پوری کوشش کریں گے‘ ماضی میں اللہ نے کامیابی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پارلیمانی نظام کا حصہ ہے، کوئی بات نہیں، میں عوام سے محبت کرتا ہوں اور عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید