پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے پھندو روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص صفائی پر چپس و سویٹ کے دو یونٹس کو سربمیر کردیا گیا۔ کاروائی میں غیر معیاری اسٹاک کو ضبط کرلیا گیا، جبکہ مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ پھندو روڈ پر چپس و سویٹس کے متعدد یونٹس کے معائنے کئے گئے، اور یونٹس میں متعلقہ اشیا کے تیاری میں فوڈ سیفٹی ایس او پیز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انسپکشن کے دوران دو یونٹس کو فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ناقص صفائی پر سیل کردیا گیا، اور جرمانے عائد کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کاروائی کے دوران کئی دیگر یونٹس کو بہتری اور ورننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ ہنگو میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، ایک ہول سیل ڈیلر سے بڑی مقدار میں ممنوع سپاری برآمد ہونے پر یونٹ کو سربمہر کردیا گیا۔ سنٹرل کرم ٹیم نے صدہ بائی پاس پر ناکہ بندی کے دوران خوراک سپلائی کرنے والی مختلف گاڑیوں کا معائنہ کیا اور ایک گاڑی سے غیر معیاری چپس برآمد کرکے ضبط کرلیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی غیر معیاری و مضر صحت اشیا فروخت کرنے پر متعدد دکانوں پر جرمانے عائد کردئے گئے۔ دیر بالا میں کباب شاپس کے معائنے کئے، اور صفائی و حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرامد کا جائزہ لیا گیا، بی بیوڑ بازار میں ناقص صفائی پر دو کباب شاپس پر جرمانے عائد کئے گئے، اور معیار میں بہتری کے لئے ورننگ نوٹسز جاری کئے گئے