اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے سابق حکومت کی بدترین غفلت اور غیر ذمہ داری کا بوجھ اٹھایا اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا.
پی ٹی آئی حکومت نے عالمی معاہدے کرکے انکی دھجیاں اڑائیں جس سے ریاست پاکستان پر عالمی برادری کا اعتماد مجروح ہوا، اسحاق ڈار کی بطور وزیر خزانہ شمولیت سے تقویت ملے گی.
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا لیکن بجٹ میں سبسڈی کیلئے رقم مختص نہیں کی جسکے باعث عوام کو پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کا بوجھ اٹھانا پڑا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کابینہ نے تین لاکھ میٹرک ٹن یوریادرآمد کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع لائحہ عمل کی منظوری دی۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں آڈیو لیکس کا معاملہ اور سیلاب کی صورتحال میں معیشت کے مزید نقصان پر بھی گفتگو ہوئی۔