• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے، تمام فارمیشن کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے چوکس رہیں، آرمی چیف

راولپنڈی ( ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا.

 آرمی چیف نے کہا کہ تمام فارمیشنز کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے سخت چوکس رہیں ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں ملک کی داخلی و بیرونی سیکورٹی ، بارڈر کی صورتحال پر تبادلہ خیال ، سیلاب کی صورتحال اور ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا،آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بدترین سیلاب اور امدادی کاموں میں فارمیشنز کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی،سرحدوں پر سکیورٹی صورتحال، پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

کور کمانڈرز کو سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔شرکا نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کیلئے ہر ممکن تعاون اور مدد کرنے کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے مصیبت زدہ لوگوں تک پہنچنے اور ان کی مشکلات کم کرنے پر فارمیشنز کی تعریف کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ڈاکٹرز اور طبی عملے کی جانب سے متاثرین کے علاج اور خدمات کی تعریف کی اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبا کے پھیلاو کو روکنے سے متعلق بھی پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔

اہم خبریں سے مزید