کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا غیرملکی سازش کا جھوٹا بیانیہ ملکی مفاد سے غداری ہے، وہ اپنی سیاست کیلئے کہہ رہے ہیں میں سائفر سے کھیلوں گا، اس سائفر کو پبلک کردیتے ہیں توا ٓئندہ ہر سائفر پبلک کرنا پڑے گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب میں انعام فاؤنڈیشن کے تحت ایمبولینس سروس کے ذریعہ راشن کی فراہمی کے ساتھ ڈینگی ملیریا کے اسپرے بھی کررہے ہیں۔ ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ پچاس ہزار کمبل اکٹھے کرچکے ہیں ایک لاکھ کا ٹارگٹ ہے، بلوچستان میں پانچ ہزار کمبل بھیج چکے ہیں، سیلاب متاثرین کو خیمے پہنچانا وفاقی و صوبائی حکومتوں کا کام ہے۔گلوکارہ و سماجی کارکن حدیقہ کیانی نے کہا کہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں تمبو کے علاقے میں 200پکے گھر بنارہی ہوں، سیلاب متاثرین کو خیموں، چارپائیوں، کمبلوں کی زیادہ ضرورت ہے۔ جے یو آئی کے رہنما راشد محمود سومرو نے کہا کہ المحمود سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت 38ہزار خاندانوں تک راشن بیگ پہنچاچکے ہیں، دس سے بار ہ ہزار افراد کو مفت علاج فراہم کیا ہے، ریسکیو کیلئے کرائے پر اور خرید کر کشتیاں فراہم کیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت نے آتے ہی سائفر کے معاملہ پر قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ بلائی تھی، تمام سروسز چیفس نے میٹنگ میں بتایا کہ حکومت کی تبدیلی کیلئے بیرونی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا، سائفر بھیجنے والے سفیر اسد مجید کا بھی یہی موقف تھا کہ میں نے حکومت کی تبدیلی کی کسی سازش کی نشاندہی نہیں کی تھی، تمام سول و فوجی انٹیلی جنس اداروں نے غیرملکی سازش کی تردید کردی عمران خان کیا کسی بیرون ملک ایجنسی سے تحقیقات کرانا چاہتے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی سیاست کیلئے کہہ رہے ہیں کہ میں سائفر سے کھیلوں گا، پاکستانی قانون کے تحت سائفر پبلک نہیں کیا جاسکتا ہے، عمران خان اور اعظم خان نے پاکستان کے قانون سے کھیلا اور سائفر کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا، عمران خان نے اپنی سیاست کیلئے پاکستان امریکا تعلقات کو داؤ پر لگادیا، سائفر پر عمران خان کے جھوٹ کی متعلقہ ادارے انکوائری کریں گے، عمران خان کا غیرملکی سازش کا جھوٹا بیانیہ ملکی مفاد سے غداری ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سائفر کوپبلک کرنے کامطلب پاکستان کی سفارتکاری کااختتام ہوگا، ہم اس سائفر کو پبلک کردیتے ہیں توا ٓئندہ ہر سائفر پبلک کرنا پڑے گا، عمران خان خیرات کے نام پر پیسہ اکٹھا کرکے سیاست میں لگاتے تھے، عمران خان نے جتنے پیسے جلسوں پر لگائے وہ سیلاب متاثرین کی مدد پر لگادیتے تو کئی اضلاع کا بھلا ہوجاتا، عمران نیازی نے پنجاب کے بلدیاتی ادارے بحال کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ سات مہینے جوتے کی نوک پر رکھاکسی نے نہیں پوچھا تم توہین عدالت کررہے ہو، عمران خان کے پاس سازش کے ثبوت تھے تو عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہئے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے تو ان کے استقبال کا بندوبست ہوگا۔