• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبارک پاکستان، NRO-2 پر عملدرآمد جاری، باجی مریم بھی بری، تحریک انصاف

اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے ایون فیلڈ ریفرنس سے بری ہونے پر پی ٹی آئی رہنمائوں فوادچوہدری ‘ اسدعمر ‘فیاض چوہان ‘شہبازگل ‘حماداظہر‘مرادسعید‘ عثمان ڈار ودیگر نے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مبارک پاکستان باجی مریم بھی بری ہو گئیں‘.

این آر او2پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے‘لگتا ہے نواز شریف صاحب بھی جلدی ہی بری ہو جائیں گے‘یہ ہیں وہ اصل مقاصد جن کے لیے سازش کر کے عمران خان کو ہٹایا گیا۔

ادارے عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں، وہ کسی کے حق میں فیصلہ دیں یا خلاف عوامی رائے عامہ میں اس فیصلے کی کوئی حیثیت ہی نہیں رہ گئی ۔ تحریکِ انصاف کے آفیشل پیج پر مریم نواز کی بریت پر ردِ عمل دیتے ہوئے لکھا گیا کہ قوم کو صرف یاد دلوانا ہے کہ جس کیس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بری کیا گیا ہے، یہ وہی ایون فیلڈ کیس ہے جس میں مریم نواز جعلی ٹرسٹ ڈیڈ دیتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔

اب یہ معاملہ کئی برس اسلام آباد ہائیکورٹ میں لٹکے رہنے کے بعد بالآخر سپریم کورٹ میں جائے گا۔فواد چوہدری نےمریم نواز کی بریت کے فیصلے کو پاکستان کی تاریخ کا ایک اور تاریک دن قرار دیتے ہوئےکہاکہ مریم نواز کا جرم اربوں روپے کے ایون فیلڈ کے محلات ہیں اور اس جرم میں ان کا کردار کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے۔

اہم خبریں سے مزید