• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، سیشن جج کی عدالت سینٹرل جیل کے قیدیوں کی آن لائن پیشی کیلئے فعال

پشاور(نیوزرپورٹر)چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ پشاورقیصر رشید اور جسٹس روح الامین کی خصوصی ہدایت پرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور اشفاق تاج نے آئی جی جیل خانہ جات سادات حسن ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور عمران خان، جوڈیشل مجسٹریٹ حسن محبوب ،ڈائریکٹرآئی ٹی پشاور ہائی کورٹ لال شاد اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق کے ہمراہ سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا اس دورہ کا خاص مقصد زیر سماعت مقدمات کے قیدیو ں کے لئے جیل کے اندر ہی ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ویڈیو لنک کی سہولت کے حاصل ہو جانے کے بعد قیدیوں کو پیشی کے لئے لانے لے جانے ،ہتھکڑیوں کا بندوبست کرنا اور نفری کی کمی اور قیدیوں کی حفاظت کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔اندازے کے مطابق اس وقت سنٹرل جیل پشاوسے روزانہ کی بنیاد پر اوسطا 280قیدیوں کوسیشن کورٹ پشاور پیشی کے لئے پیش کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے اضلاع کی عدالتوں اور سپیشل کورٹس کے لئے پیشی کے لئے جانے والے قیدیوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے سیشن جج پشاور اشفاق تاج نے بتایا کہ سیشن کورٹ پشاور میں اسوقت تمام 20عدد ایڈیشنل سیشن ججز ، 10عدد جوڈیشل مجسٹریٹ ،6عدد فیملی کورٹس بشمول سیشن جج اور سینئر سول جج کی عدالتوں میں ویڈیو لنک کی سہولت میسر ہے۔جس کے ذریعے دور دراز کے اضلاع کے مقدمات میں شہادت وغیرہ ریکارڈ کی جاتی ہے۔اسی سہولت کا دائرہ کار سنٹرل جیل پشاور تک بڑھا کر اس سے مزید مستفید ہوا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر آئی ٹی لال شاد نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے ویڈیو لنک سرور سے سیشن کورٹ پشاور براہ راست منسلک ہے، اسی فائبر آپٹک کو مزید سنٹرل جیل پشاور تک بڑھا کر سنٹرل جیل پشاور کو پشاور سمیت پورے صوبے کے ساتھ قیدیوں کی آن لائن پیشی کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات نے مذکورہ مقصد کے حصول کے لئے فوری طور سے کمپیوٹر سسٹم مہیا کرنے و نیٹ ورکنگ کروانے کی یقین دہانی کروائی مزیدسپرنٹنڈنٹ جیل نے دورہ میں شامل تمام افراد کو قیدیوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کے لئے سہولت مہیا کرنے کی جگہ کا دورہ کروایا اور تجرباتی طور پر پیر کے روز سے سیشن جج پشاور کی عدالت کو سنٹرل جیل پشاور سے قیدیوں کے آن لائن پیشی کے لئے فعال کیا جائے گا۔دورہ کے دوران منشیات کے عادی قیدیوں کے لئے بحالی مرکز کے قیام کے لئے جگہ بھی متعین کی گئی جس کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور نے سہولیات مہیا کروانے کی یقین دہانی کروائی۔مزید برآں سیشن جج پشاور اشفاق تاج نے دورہ کے دوران جیل میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث 8 قیدیوں کی رہائی کے احکامات بھی جاری کیے اور گذشتہ دنوں جیل میں خاتون قیدی سے پیش آنے حراسگی کے معاملہ پر جیل احکام سے پراگریس رپورٹ بھی طلب کی۔

پشاور سے مزید