اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب نقصانات کا تخمینہ لگانے کاکام جلد از جلد مکمل کیا جائے جبکہ انہوں نے سیلاب زدگان کو امدادی اشیا اور اشیائے خوردونوش کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں سے تعاون کرنے کی ہدایت بھی دی، وزیراعظم نے یہ ہد ا یت گزشتہ روز سیلاب زدگان کے لئے امدادی کارروائیوں پر بلا ئے گئے جائزہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے دی ۔ وزیراعظم نے سیلاب زدگان کو امدادی اشیا اور اشیائے خورونوش کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور ان اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومتوں سے خصوصی تعاون کرنے کی ہدایت کی تاکہ امدادی کارروائیوں میں در پیش مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ وزیراعظم نےسیلاب کے تناظر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے تعین میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ سیلاب زدگان میں امدادی اشیا اور امدادی رقوم کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کٹوتی کی شکایات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی،اجلاس میں نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے حکام کی جانب سے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. قبل ازیں چین کے قومی دن کے موقع پر اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی کیانگ اور چین کے عوام کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پر امن طور پر چین کا دنیا کی دوسری بڑی معیشت بننا اور عالمی سطح پر طاقت کا حصول تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں استحکام کا ایک ذریعہ ہے۔