اسٹاک ہوم (نمائندہ جنگ) سینیٹرآف ڈیمو کریسی اینڈ کلائمنٹ اسٹڈی کے تعاون سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے زیراہتمام ”پی ایف یو جے کا کردار‘فیک نیوزکی حوصلہ شکنی ‘آزادی صحافت اورمیڈیا سے متعلق قوانین پر عمل درآمد “کے موضوع پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔پی ایف یو جے اسکینڈے نیویا کی قیادت نے اس کا خیر مقدم کیا ہے، پی ایف یوجے اسکینڈے نیویا کے صدر جنید نواز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی صحافت میں خاطر خواہ تبدیلیوں کی اشد ضرورت ہے اس قسم کے سیمینار نہ صرف صحافیوں بلکہ میڈیا ہاوسز کی رہنمائی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ پی ایف یو جے اسکینڈ ے نیویا کے سیکرٹری جنرل زبیر حسین کا کہنا تھا کہ دورِ حاضر میں سوشل میڈیا کی بدولت ہر شخص صحافی کا کردار ادا کرنے کی کوشش کررہا ہے مگر ضرورت اس امرکی ہے کہ سچی اور جھوٹی خبروں کے بیچ جو باریکیاں ہیں اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں تاکہ ریاست کے اہم ستون صحافت پر عوام کا بھروسہ قائم رہے۔پی ایف یو جے اسکینڈے نیویا کی قیادت کا کہنا ہے کہ بہت جلد ہم اسکینڈے نیویائی ممالک میں پاکستان صحافیوں کے لیے اس طرح کے سیمینار منعقد کریں گے ۔