• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قتل کا الزام، 23 سال بعد 15 ملزمان بری، انصاف کی تاخیر پر عدالت نے معذرت کرلی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لواری شریف کی گدی نشین کے تنازع کیس میں دائر اپیلوں پر 23 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے 15 ملزمان کو بری کر دیا، جسٹس عمر سیال نے انصاف کی تاخیر پر معذرت بھی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق بدین ضلع میں 39 برس قبل گدی نشین کے تنازعے میں 7افراد قتل ہو گئے تھے۔عدالت نے سات افراد کے قتل میں سزائیں پانے والے تاج محمد، بادل، عیدن ، غلام حیدر ،الہی بخش سمیت 15 ملزمان کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے مقدمے سے بری کر دیا جبکہ کیس میں مجموعی طور پر 32 ملزمان نامزد تھے جن میں سے 11 ملزمان عدالتی کارروائی کے دوران اور سزا کے بعد دو ملزمان کا جیل میں انتقال کر چکا ہے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ بد قسمتی سے ہائی کورٹ تک اس کیس کے فیصلے میں 39 سال کا عرصہ لگ چکا ہے کیس 17 سال ٹرائل کورٹ میں زیر سماعت رہا طویل مدت زیر سماعت رہنے کی وجہ کیس کا ریکارڈ غیر ضروری طور پر طویل بنائے جانا تھا جبکہ کیس میں غیر ضروری طور پر بار بار طویل جرح کی گئیں۔سینئر وکیل محمود قریشی نے بڑی مشکل سے کیس ریکارڈ کو ٹھیک کیا اور وکلا کی محنت سے کیس کی سمت کا صحیح تعین ہوا۔ اپیل کنندہ میں سے کوئی بھی شواہد کی روشنی میں 7 افراد کے قتل میں ملوث نہیں پایا گیا اور استغاثہ ملزمان کے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ واضح رہے کہ تمام ملزمان ضمانتوں پر رہا تھے۔ استغاثہ کے مطابق پیر گل حسن کے انتقال پر دو گروہوں میں 1983 میں تصادم ہوا تھا ملزمان کا گروہ پیر فیض محمد کو گدی نشین بنانا چاہتا تھا جبکہ مدعی مقدمہ کا گروہ پیر فیض کو گدی نیشن بنانے سے انکاری تھا اسی تنازعہ پر مسلح تصادم ہوا اور 7 افراد قتل جبکہ تین زخمی ہو گئے تھے۔ جسٹس عمر سیال نے الزام سے بری ہونیوالے افراد سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگوں سے معذرت خواہ ہوں آپ لوگوں نے 39 سال تک عدالتوں کے دکھے کھائے ، یہ سسٹم ہی ایسا ہے اس میں نا آپ کا قصور ہے نا آپ کے وکلاء کا، دشمنی میں جو کچھ ہونا تھا ہو گیا ذرا سوچئے گا ضرور کہ اس دشمنی سے کسی کو کیا ملا ؟ اب بھی یہی کہوں گا کہ آپ کی بڑی مہربانی ہوگی اس دشمنی کو یہیں ختم کردیں اور اپنی آئندہ نسلوں میں اس زہر کو مت پھیلنے دیں اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنائیں۔

اہم خبریں سے مزید