سیف علی خان نے خبردار کیے جانے کے باوجود ریتھک روشن کے ساتھ فلم وکرم ویدھا کیوں کی؟ اداکار نے بڑا انکشاف کردیا۔
2017ء ،میں ریلیز ہونے والی تامل فلم وکرم ویدھا کے ہندی ری میک میں سیف علی خان اور ریتھک روشن نے لیڈ رول نبھایا ہے، جو 30 ستمبر کو ریلیز ہوئی۔
سیف علی خان اور ریتھک روشن نے 2002ء میں فلم ’نہ تم جانو نہ ہم‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، 20 سال بعد دونوں ایک ساتھ کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئے ہیں۔
فلم میں سیف علی خان نے پولیس مین وکرم اور ریتھک روشن نے گینگسٹر ویدھا کے کردار کو بخوبی نبھایا۔
اپنے تازہ انٹرویو میں سیف علی خان نے ریتھک روشن کے ساتھ فلم وکرم ویدھا میں کام کرنے کو اپنی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ریتھک روشن کے ساتھ کام نہ کرنے سے متعلق خبردار کیا گیا، اس حوالے سے کئی اداکاروں کے تبصرے ہیں، جن میں کہا گیا کہ وہ تمہیں تباہ کردے گا۔
سیف علی خان نے فلم میں ریتھک روشن کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ ویدھا کے کردار کے ساتھ میں ایسا انصاف نہیں کرسکتا تھا جیسا اُس نے کیا۔
فلم میں کام کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے سیف علی خان نے کہا کہ یہ بالکل تھکادینے والا تھا، میں دماغی طور پر طے کرلیا تھا کہ ریتھک روشن سے زیادہ اچھا پرفارم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے انسانوں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی اعتراض نہیں لیکن ریتھک روشن مکمل طور پر انسان یا نارمل نہیں ہے، اس میں حیرت انگیز صلاحیت ہے۔
سیف علی خان نے کہا کہ یہ اپنی نظر سے دوسروں کو متاثر کردیتا ہے، میں نے خوبصورت لڑکیوں اور دیگر ساتھی اداکاروں کے ساتھ ایسا ہوتے دیکھا ہے۔
ان سے پوچھا گیا کہ آپ وکرم کے بجائے ویدھا کا کردار نبھاتے تو کیسا رہتا؟
اس کا جواب دیتے ہوئے سیف علی خان نے کہا کہ یہ بہت ہی زبردست کردار ہے، ریتھک روشن نے اسے حیرت انگیز انداز میں نبھایا ہے، کوئی اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے خود کو کبھی ایسا کردار کرنے سے متعلق سوچنے کی اجازت تک نہیں دی، ویدھا ایک شرارتی کردار ہے، جو میرے انداز سے مختلف ہے، یہی وجہ ہے میں شاید اس کے ساتھ انصاف نہ کرسکتا۔
تامل فلم میں وجے ستوپتی اور آر مدھوان نے لیڈ رول نبھایا تھا، ہندی ری میک کے ڈائریکٹر بھی وہ ہی ہیں، جنہوں نے اوریجنل کو تیار کیا۔