اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تازہ ترین آڈیو لیک نے عمران نیازی کی منافقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔
جمعہ کو ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جو قوم کو اخلاقیات کا درس دیتے نہیں تھکتا وہ خود کھلم کھلا غیر اخلاقی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہے، اس کی مکارانہ فطرت آئے روز بے نقاب ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیازی کے ریاست مخالف اقدامات نے اعلیٰ عہدے کے لئے اسے نااہل بنا دیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ آڈیوز جہاں بن رہی ہیں اور کیسے بن رہی ہیں لوگوں کو پتا ہے۔
عمران خان کی نئی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کیا اس طرح آوازیں جوڑ کر آپ این آر او2کو جائز ثابت کرلیں گے؟ ایسا نہیں ہوگا۔
اب فیصلہ حقیقی آزادی مارچ کرے گا۔دریں اثناءتحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان کی آڈیو توڑ مروڑ کرلیک کی گئی‘انہوں نے تین حصوں میں آڈیو کو جوڑا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آڈیو لیک میں ان کی خریدوفروخت کا ذکر کر رہے تھے، اس آڈیو لیک کو غلط طریقے سے عمران خان سے منسوب کر دیا گیا ہے۔