کراچی( اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی تین ملکی کر کٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم نے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دے دی۔کرائسٹ چرچ میںبنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان نے پہلے کھیلتےہوئے پانچ وکٹ پر 167 رنزبنا کر بنگلادیش کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا،پاکستان کی جیت میں اوپنر محمد رضوان کی شان دار بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا، پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین اس میچ میں بھی کوئی بڑی اننگز نہ کھیل سکے،پاکستانی اوپنرز نے 52 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، بابر اعظم 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد محمد رضوان نے شان مسعود کے ساتھ 42 رنز کی شراکت دی ، شان مسعود 31 رنز بناکر آوٹ ہوئےپاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا۔ حیدرعلی 6، افتخار احمد 13 اور آصف علی صرف 4 رنز بنا سکے، محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔محمد رضوان 78 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا،بنگال ٹائیگرز کی جانب سے تسکین احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 146 رنز بناسکی،مہدی حسن 10 ،صابر رحمان 14ربز بناسکے۔تیسری وکٹ کی شراکت 50 رنز کی ہوئی 87 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد نواز نے لٹن داس کو پویلین کی راہ دکھائی، مصدق حسین صفر پر آوٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 24 رنز دے کر تین اور محمد نواز نے 25 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، حارث روؤف، شاداب خان اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔