• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام تسلی رکھیں، سوات میں جلد امن قائم ہوجائیگا، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

سوات(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشیدنے کہا ہے کہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا گیا ہے اور ہمیں سوات میں امن و امان کی بحالی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے،سوات کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قیام امن کے لیے قربانیاں دی ہیں ، عوام تسلی رکھیں،سوات میں جلد امن قائم ہو جائے گا۔ دریائے سوات کے قدرتی حسن کو بحال رکھنے کے لیے ازخود نوٹس لےلیاہے اور خوشخبری دیتا ہوں کہ ہزارہ اور دریائے سوات کے لیے ماسٹر پلان تیار کیا گیاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سوات کے دوران ڈسٹرکٹ بارا یسوسی ایشن میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قصیر رشید پہنچے تو پولیس کے چاق و وچوند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔بچوں نے چیف جسٹس کو گلدستے پیش کئے۔ چیف جسٹس نے مالاکنڈ ڈویژن کے واحد چائلڈ پروٹیکشن عدالت کی نئی عمارت کا افتتاح کیاجبکہ تحصیل کبل میں جوڈیشل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے سوات کی ضلعی عدالتوں کا بھی معائنہ کیا اور مختلف کورٹس کا جائزہ لیا۔تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ سیشن جج محمد شعیب اور ڈسٹرکٹ بار سوات کے صدر مشتاق خان نے چیف جسٹس کو عدالتوں اور بار کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور امن ومان کی بگڑتی صورتحال اورعوامی تشویش سے انہیں آگاہ کیا ۔چیف جسٹس نے کہاکہ سوات کے وکلاء اور عدالتوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں، صوبے میں جوڈیشل کمپلیکس کا جال بچھایا گیا ہےاور پسماندہ اضلاع میں سہولیات دینے اور مسائل کے حل کے لیےبھی اقدامات کئےجا رہے ہیں، چیف جسٹس نے مزید کہاکہ سوات میں بھی عدالتوں اور بار کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، انہوں سوات بار کو ہنگامی بنیادوں پر کمپیوٹر، پرنٹر اور لائبریری کے لئے کتابیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جنگلات اور دریائے سوات اس وادی کا جھومرہےاور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس حسن کو تباہی سے بچائے۔ چیف جسٹس نے موجودہ حالات کے حوالے سے احمد علی کاظمی کے اشعار بھی سنائیں۔

ملک بھر سے سے مزید