کراچی(اسٹاف رپورٹر)دنیائے کرکٹ میں اپنی اعلیٰ بیٹنگ سے اپنی دھاک بٹھانے والے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دنیا کے نمبر ایک بیٹر محمد رضوان نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستان کے صف اول کے بیٹر اور دنیا کے نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بیٹسمین محمد رضوان نےآئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت لیا۔خواتین کیٹگری میں بھارت کی ہرمن پریت کور کو پلیئر آف دی منتھ قرار دیاگیاہے۔رضوان کے ساتھ بھارت کے اکثر پٹیل اور آسٹریلیا کے کیمرون گرین کی اس کیٹگری میں نامزدگی ہوئی تھی۔ محمد رضوان نے ایوارڈ جیتنے پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے اسے سیلاب متاثرین کےنام کیاہے۔محمد رضوان نے کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں کامشکور ہوں جنہوں نے چیزوں کو آسان بنایا۔ ایوارڈ پانے سے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا،اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ وہ عزت سے نواز رہاہے ،کوشش کروں گا کہ ورلڈکپ میں بھی اپنی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھوں۔محمد رضوان کا کہنا ہے کہ میں یہ ایوارڈ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی کے متاثرین کے نام کرنا چاہوں گا۔ ۔محمد رضوان گزشتہ ماہ کھیلے گئے ایشیا کپ اور انگلینڈ سیریز کے ٹاپ اسکورر رہے ہیں انہوں نے انگلینڈ کیخلاف چار اور ایشیا کپ میں تین نصف سنچریاں بنائیں۔