پشاور(نمائندہ جنگ)پشاورہائیکورٹ نے سٹیزن ایکٹ 1951کے سیکشن 10کے خلاف دائر رٹ پر مذکورہ سیکشن وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے تناظر میں غیرآئینی قراردے دیاہے اور اس حوالے سے دائررٹ نمٹادی، اس سیکشن کے تحت پاکستانی خاتون کے غیرملکی شوہر کو شہریت نہیں مل سکتی ہے جس کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا،عدالت نے خاتون کو اوریجن کارڈ کی نادرا سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا ۔اس حوالے سے جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عبدالشکورپرمشتمل بنچ نے سیف اللہ محب کاکاخیل ایڈووکیٹ کی رٹ پرفیصلہ جاری کردیا ہے جس میں ثمینہ روحی نامی درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 10کے تحت ایک خاتون اگر غیرملکی شخص سے شادی کرتی ہے تو اس کے شوہر کو شہریت نہیں دی جائے گی جبکہ پاکستانی مرد کے غیرملکی بیوی کو شہریت مل سکتی ہے ۔