• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین قومی کرکٹ، فائنل کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان، آج آخری گروپ میچ میں پاکستان، بنگلہ دیش آمنے سامنے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کرائسٹ چرچ کے تین قومی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعے کو پاکستان اور میزبان نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔جمعرات کو آخری گروپ میچ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ ہوگا۔بنگلہ دیشی ٹیم تین لگاتار میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ نے تین تین میچ کھیلے ہیں دو دو جیتے اور ایک ایک میچ میں شکست ہوئی۔توقع ہے کہ فائنل سے قبل پاکستانی ٹیم انتظامیہ فاسٹ بولر محمد حسنین کو موقع دے سکتی ہے۔نیوزی لینڈ کے ہاتھوں9وکٹ کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کےاگلے میچ میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ ہمارے کھلاڑی آج اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔131 رنز آسان ہدف تھا اگر 160 رنز ہوتے تو حالات مشکل ہوسکتے تھے۔ یہاں پہلی تھوڑی سلو تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160کے قریب اسکور ہوتا تو میزبان ٹیم کو روک سکتے تھے۔ پچ سلو تھی اور ہم نے اچھی بیٹنگ بھی نہیں کی، کوشش کریں گے اگلے میچوں میں غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔بدھ کو نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی۔کپتان کین ولیم سن نے آرام کی غرض سے میچ نہیں کھیلا قیادت ٹم ساوتھی نے کی۔بنگلہ دیش نےنیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں ڈیون کانوے کے 64 رنز اور گلین فلپس کے جارحانہ 60 رنز کی بدولت208رنز بنائے تھے۔ڈیون کانوے نے 40 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گلین فلپس نے 24 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ مارٹن گپٹل نے بھی 34 اور فن ایلن نے 32 رنز بنائے۔ محمد سیف الدین اور عبادت حسین نے دو، دو جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم انتہائی کوشش کے باوجود بھی مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔ کپتان شکیب الحسن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا، مایہ ناز آل راؤنڈر نے 44 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس اور سومیا سرکار نے 23، 23 رنز بنائے۔ ایڈم ملنے نے 3 مہمان بیٹرزکو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساؤتھی نے بھی دو وکٹیں لیں۔پاکستان کے خلاف میچ کے مین آف دی میچ مائیکل بریسویل نے بھی دو وکٹیں لیں لیکن اس کے لیے انہیں 39 رنزدیئےمیچ میں جارحانہ کرنے والے کیوی پلیئرگلین فلپس کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید