• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اذلان شاہ ہاکی، قومی ہاکی ٹیم کا اعلان پیر کو ہوگا، کھلاڑیوں کی بھرپور ٹریننگ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) اذلان شاہ ہاکی میں شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال کے باوجود عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں قومی ہاکی کھلاڑی پر جوش انداز میں ٹریننگ میں مصروف ہیں،اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے حتمی ٹرائیلز اگلے اتوار اور پیر کو ہوں گے، پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئیر( ر) خالد سجاد کھوکھر بھی ٹرائلز دیکھیں گے، امکان ہے کہ عمر بھٹہ ٹیم کے کپتان ہوں گے، ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا، اذلان شاہ ہاکی ایونٹ کے لئے قومی کیمپ ان دنوں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے، ٹیم کے کوچ ایاز محمود نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے ہم خصوصی توجہ دے رہے ہیں. ویڈیو انالسٹ کے زریعے قومی ٹیم کی پرفارمنس کو بہتر بنانے میں کوچز پینل مصروف ہیں.،قومی ہاکی ٹیم کے گول کیپر کوچ عمران بٹ نے کہا کہ کیمپ میں پانچ گول کیپر ٹریننگ کررہے ہیں. تمام گول کیپر نوجوان و باصلاحیت ہیں.ہم نے گزشتہ 6 ماہ سے جس بہترین انداز میں نئے باصلاحیت گول کیپرز پر کام شروع کیا ہے اس سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈریگ فلیکر کوچ رانا زبیر نے کہا ہے کہ جدید ہاکی میں پینلٹی کارنر کا شعبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان میں باصلاحیت ڈریگ فلکرز موجود ہیں جن کی بہتر تربیت سے ہم اس شعبہ میں مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے زیر اہتمام عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ میں کھلاڑیوں کو جدید انداز میں ڈریگ فلک کی ٹریننگ بھی دی جارہی ہے۔

اسپورٹس سے مزید