پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وفات پانے والے سنیئر وکلاء خواجہ محمد خان گاڑہ ،اکبر خان مہمند ایڈووکیٹ اور یوسف ریاض خلیل کے لیے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں پشاور ہائیکورٹ بارکے صدر رحمان اللہ، جنرل سیکرٹری فاروق آفریدی ایڈووکیٹ اور وفات پانے وکلاء کے لواحقین ، کابینہ کے دیگر ارکان سمیت ڈسٹرکٹ پشاور بار کی کابینہ اور سنیئر وکلاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے پشاورہائیکورٹ بار کے صدر رحمان اللہ، سنیئر قانون دان عبد اللطیف آفریدی، جسٹس ریٹائرڈ اسد اللہ خان چمکنی، اختر علی نحقی، اکبر یوسف خلیل، اور دیگر نے خطاب کیا، رحمان اللہ نے کہا کے خواجہ محمد خان گاڑہ کی بار کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے اس بار کو بڑے بڑے نامور وکلاء دیے ہیں۔ اکبر خان مہمند کے خدمات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اکبر خان وکلاء کے ساتھ ساتھ تجارتی اور صنعتی سیکٹر میں بھی اہم عہدوں پر رہے۔ اس کے علاؤہ وہ سیاسی خدمات میں بھی سر فہرست تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ یوسف ریاض خلیل ایڈووکیٹ کی بھی وکلاء برادری کے لیے گراں قدر خدمات ہیں ،وہ پشاور ہائیکورٹ بار کے نائب صدر کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں کے ساتھ لیگل ایڈوائزر رہے۔عبد اللطیف آفریدی نے کہا کہ تمام مرحومین وکلاء کی خدمات اس بار کے لیے بہت زیادہ ہیں۔ خواجہ محمد خان گاڑہ ہمارے استاد تھے فوجداری قوانین میں ماہر وکیل تھے۔انہوں نے ہمیشہ اپنے پیشے سے وفا کی ۔وکلاء کا کردار معاشرے میں بہت اہم ہے،وکلاء علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے عوام کے ساتھ ہونگے۔کسی قوت کو بھی بد امنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی وکلاء ہر غیر قانونی اقدام کے خلاف کھڑے ہونگے۔ اختر علی نحقی نے ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تینوں وکلاء اپنے پیشے کے ساتھ بہت مخلص تھے ہم نے اپنے سینئرز وکلاء سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ اسد اللہ خان چمکنی نے کہا کہ خواجہ محمد سمیت تینوں وکلاء کی وکلاء برادری کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں جنہیں وکلاء ہمیشہ یاد رکھیں گے، تعزیتی ریفرنس کے آخر میں فوت شدہ وکلاء کے ایصال ثواب کیلئے دعائے معفرت کی گئی۔