راولپنڈی(ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور ملحقہ ہسپتالوں، نرسنگ سکولوں اور آر آئی یو کے23-2022کیلئے 8ارب 49 کروڑ 55ہزار روپے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکٹ کا اجلاس گزشتہ روز صوبائی وزیر یاسمین راشد کی صدارت میں ہوا جس میں انہوں نے سنڈیکیٹ کے تمام فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر اور اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس کے دوران 21-2020کے نظرثانی بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے 23-2022ایچ ای سی بجٹ ، ہسپتالوں، نرسنگ سکولوں کے بجٹ اور ہولی فیملی اور بینظیر ہسپتال کے گزشتہ سال بقایاجات ادا کرنے ، میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹل کی تعمیر و آرائش کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں ریسرچ پر توجہ دی جا رہی ہے۔