کراچی (اسٹاف رپورٹر، نیوزڈیسک)کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ سندھ نے خفیہ اطلاعات پر حساس اداروں کی مدد سے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے صدر کے علاقے میں چینی ایچھ یو ڈینٹل کلینک پر حملے میں ملوث سندھ ریوولیوشن آرمی /سندھ پیپلز آرمی سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد وقار خشک کو گرفتار کرلیا ہے ، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے ،ملزم وقار خشک سرغنہ اصغر علی شاہ عرف سائیں اور ذوالفقار خاصخیلی عرف سفیر سے رابطے میں تھا۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے شرجیل انعام میمن نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سید فدا حسین شاہ ،انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان وہی کام کر رہے ہیں ، جودہشتگرد تنظیمیں کر تی ہیں،انہیں روکنا اداروں کا کام ہے، شرجیل انعام میمن نے کہاکہ دہشتگرد تنظیم سندھ ریوولیوشن آرمی/ سندھ پیپلز آرمی کے دہشتگردوں نے HU ڈینٹل کلینک صدر کراچی کو ٹارگٹ کیا جس میں دوہری شہریت یافتہ شخص رونلڈ رائیمنڈ چاؤ ہلاک ہوا ، دہشتگرد تنظیم کا ٹارگٹ ڈاکٹر رچرڈ ہونو پاؤ اور ان کی اہلیہ فن ٹائن پاؤ تھے ، جو اس ٹارگٹڈ کارروائی میں زخمی ہوئے تھے ،ملزم کا تعلق دہشتگرد تنظیم ایس آر اے کی ذیلی تنظیم سندھ پیپلز آرمی سے ہے ،ملزم کو یہ ٹارگٹ ذوالفقار خاصخیلی نے دیا ، ملزم کے دوسرے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں ۔