• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شاید دنیا کی خطرناک ترین اقوام میں سے ایک ہے، جوہری ہتھیار غیرمنظم ہیں، چینی صدر کے ساتھ کئی مسائل ہیں، جوبائیڈن

واشنگٹن( خبرایجنسیاں، مانیٹرنگ نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان شاید دنیا کی خطرناک ترین اقوام میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے ʼجوہری ہتھیار غیرمنظم ہیں، دنیا تیزی سے بدل رہی ہے،یہ کوئی مذاق نہیں،بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، چینی صدر کیساتھ کئی مسائل ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈیموکریٹک کانگریس کی مہم کمیٹی کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب وائٹ ہائوس کاکہناہےکہ امریکی صدر نے کوئی نئی بات نہیں کی، امریکی صدر محفوظ اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں، محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکی مفاد کیلئے اہم ہے۔وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر شائع ہونیوالے خطاب کی ایک نقل میں جو بائیڈن کے حوالے سے کہا گیاکہ ’’اور پاکستان میرے خیال میں شاید دنیا کی خطرناک ترین قوموں میں سے ایک ہے جس کے پاس کسی اتحاد کے بغیر جوہری ہتھیار ہیں‘‘۔امریکی صدر نے یہ بیان عالمی سطح پر بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے تناظر میں دیا، انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ممالک اپنے اتحاد پر نظرثانی کر رہے ہیں اور اس معاملے کی سچائی یہ ہے کہ میں حقیقی طور پر اس پر یقین رکھتا ہوں کہ دنیا ہماری طرف دیکھ رہی ہے، یہ کوئی مذاق نہیں،یہاں تک کہ ہمارے دشمن بھی یہ جاننے کے لیے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں کہ ہم اسے کس طرح سمجھتے ہیں، ہم کیا کرتے ہیں۔بائیڈن نے کہا کہ بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ امریکا کے پاس دنیا کو ایسی جگہ پر لے جانے کی صلاحیت ہے جو پہلے کبھی نہیں تھی، ʼکیا آپ نے کبھی سوچا کہ کیوبن میزائل بحران کے بعد سے آپ کے پاس ایسا روسی رہنما ہوگا جو ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی دے گا جس سے صرف 3سے 4ہزار لوگ قتل ہونگے اور ایک نقطہ نظر تک محدود ہوگا۔ چینی ہم منصب شی جن پنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے انہیں ایک ایسا شخص قرار دیا جو جانتے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں لیکن ان کے ساتھ ʼبہت زیادہ مسائل تھے۔امریکی صدر نے کہا کہ روس میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے مقابلے میں ہم اسے کیسے سنبھالیں گے؟ اور میرے خیال میں شاید دنیا کی خطرناک ترین قوموں میں سے ایک ہے، پاکستان ۔ جس کے پاس جوہری ہتھیار غیرمنظم ہیں۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین ژاں پیئر نے امریکی صدر جوبائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس ترجمان نے پاکستان سے متعلق سوال کے جواب پر کہا کہ امریکی صدر نے کوئی نئی بات نہیں کی، امریکی صدر محفوظ اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں، محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکی مفاد کیلئے اہم ہے۔

اہم خبریں سے مزید