پشاور(نامہ نگار)محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا نے مسافر لے جانے والی گاڑیوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے تمام مسافر بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلے، شیشے توڑنے والے ہتھوڑے اور ایمرجنسی صورتحال میں استعمال ہونے والے دوسرے آلات کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں، صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ عامر لطیف کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ قیصر خان نے صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور چیف موٹر وہیکلز ایگزامینر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بس اڈوں، پارکنگ اور مال لے جانے والی ایجنسیوں کو ایک ہفتے میں پابند بنایا جائے کہ تمام مسافر بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلے، شیشے توڑنے والے ہتھوڑے اور ایمرجنسی صورتحال میں استعمال ہونے والے دوسرے آلات کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں مسافر اپنی جانوں کو بچاسکیں جبکہ ہائی ایس اور کوسٹرز میں پردے کے ساتھ لگے آئرن راڈز کو ہٹایا جائے تاکہ مسافر ہنگامی صورتحال میں شیشے کو توڑسکیں اور آسانی سے جان بچاسکیں ایک ہفتے کے بعد ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور موٹر وہیکل ایگزامینر حکام خلاف ورزی کرنے والے مسافروں اور مال لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف مہم شروع کریں گے جس کے تحت اسکی فٹنس اور روٹ پرمٹ سرٹیفکیٹس کو معطل یاختم کیا جا سکتا ہے مذید آرٹی اے حکام بس اڈوں اور مال لے جانے والی ایجنسیوں کے لائسنس معطل یا ختم کر سکتے ہیں تاہم محکمہ حکام نے چیف موٹر و ہیکل ایگزامینر کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ آلات کی دستیابی کے بغیر کسی بھی گاڑی کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا جائے جب تک ان آلات کو یقینی نہ بنایا گیا ہو۔