لاہور(نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو متروکہ وقف املاک بورڈ نے 7 روز میں لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس سے بےدخلی کا نوٹس جاری کردیا ہے.
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ زیر قبضہ اراضی یونٹس 7 دن میں خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو پولیس کی معاونت کے لیے بھی خط لکھ دیا ہے۔خط میں لال حویلی سمیت 7 یونٹس اراضی خالی کرانےکے لیے 19 اکتوبر کو پولیس کی مدد مانگی گئی ہے۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے کہا ہے کہ لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونِٹس کیس کی متعدد سماعتیں ہو چکیں، شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کوئی مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔