کراچی ( سہیل افضل ) اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے لئے ایف بی آر کے ممبر کسٹمز مکرم جاہ انصاری کی ہدایت پر کسٹمز کوئٹہ کلکٹریٹ نے ایران اور افغانستان کی سرحد پر نگرانی سخت کر دی ہے ،دوسری جانب صوبائی سرحدوں پر قائم چیک پوسٹوں پر موجود عملے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اندرون ملک اسمگلنگ کا سامان نہ پہنچے،اسٹنٹ کلکٹر کسٹمز کوئٹہ شفیع اللہ نے جنگ سے گفتگو میں بتایا کہ کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کوئٹہ سمیع اللہ نے اسمگلنگ کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کیا ہے جس میں 24 کروڑ 80لاکھ روپے مالیت سے زیادہ کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی ہیں ،ضبط شدہ مصنوعات میں 3 کروڑ سے زیادہ مالیت کا بھارتی گٹکا،7 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے غیر ملکی سگریٹ ،3کروڑ سے زیادہ مالیت کے ٹائر ،بھاری مقدار میں اسمگل شدہ ڈیزل اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔