لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نیب کی درخواست پر سابق سینیٹر گلزار احمد کے بیٹے عمار احمد خان کی ضمانت منسوخ کردی،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو مشروط ضمانت دی گئی تھی لیکن وہ اپنے ہی حلف نامے پر پورا نہیں اترا،ملزم کی وجہ سے کئی لوگ متاثر ہو رہے ہیں، نیب وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم عمار احمد خان کو 2018ء میں مشروط ضمانت دی گئی تھی، ملزم نے 6 ماہ کے دوران 4200 متاثرین کو پلاٹ فراہم کرنے تھے،پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک نے کچھ افراد کو پلاٹ اور رقوم ادا کیں مگر کئی متاثرین ابھی بھی منتظر ہیں، ٹرائل کورٹ کو ہدایت کر دی جائے اور ادائیگی کیلئے 1 ماہ کا وقت دیا جائے، ملزم عمار احمد خان پر رقوم لیکر پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی میں شہریوں کو پلاٹ نہ دینے کا الزام ہے۔