کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال اوجھا کیمپس کے رینل ٹرانسپلانٹ یونٹ نے گردوں کی پیوندکاری کا 715 واں کامیاب آپریشن مکمل کر لیا۔ یہ سنگ میل جمعے کی صبح سرانجام دیا گیا، جس میں ڈونر اور ریسیور دونوں بھائیوں کا تعلق صوبہ بلوچستان سے تھا۔یہ ٹرانسپلانٹ عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی زیر نگرانی انجام پایا، جن میں پروفیسر جان فنگ اور پروفیسر جان لاما ٹینا شامل تھے۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا کڈنی ٹرانسپلانٹ تھا جسے براہ راست آپریشن تھیٹر سے سیمینار ہال اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو نشر کیا گیا، تاکہ طب کے طلبہ، معالجین اور عوام کو جدید جراحی طریقہ کار سے روشناس کرایا جا سکے۔اس موقع پر منعقدہ لائیو سرجری کے دوران آپریشن تھیٹر اور سیمینار ہال میں میں ڈاکٹر راشد بن حامد ، ڈاکٹر نرنجن لال، ڈاکٹر بلال مسعود خان، ڈاکٹر سلمان ارشد، ڈاکٹر حارث حسن قریشی، ڈاکٹر رحانہ زکری، پروفیسر ارشد محمود، ڈاکٹر افتخار اور ڈاکٹر عمران جلبانی موجود تھے اور گردوں کے ٹرانسپلانٹ سے متعلق مختلف موضوعات پر اپنے خیالات اور تجربات پر مبنی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے 715کڈنی ٹرانسپلانٹ مکمل ہونے پر ڈاکٹر راشد بن حامد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔