• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، گرمی کی شدت میں اضافہ، ماہرین صحت کی شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافے پر ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، ضروری کام ہو توباہر نکلنے سے پہلے گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ لیں، پانی کی بوتل ساتھ رکھیں، مرغن غذاؤں کے بجائے سادہ غذا، سبزیوں ، دہی ، لسی اور پانی کا زیادہ استعمال کریں، پانی ابال کرپیئں اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ جنگ سے گفتگو میں جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے بتایا کہ زیادہ گرمی میں بڑی عمر کے لوگ ،چھوٹے بچے ، کمزور قوت مدافعت رکھنے والے ،مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد ، کچن میں کام کرنیوالی خواتین، اسکول جانے والے بچے، سڑکوں پر کام کرنے والے مزدور ، پتھارے لگانے والے اور دھوپ میں کام کرنے والے افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں اس لئے انہیں چاہیے کہ خاص احتیاط کریں۔ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید خالد بخاری کا کہنا تھا کہ باہر کام کرنے والے افراد اپنے سروں کو ڈھانپیں ، چھتری لیں یا سائبان قائم کرکے کام کریں ، پانی کا زیادہ استعمال کریں، بازار ی کھانوں کے بجائے گھر کا صاف کھانا کھائیں ۔
ملک بھر سے سے مزید