ماریہ احمد
اکثر خواتین چہرے پر کیل مہاسوں( ایکنی ) کی وجہ سے پریشان رہتی ہیں۔پارٹی خصوصاً جب کسی شادی کی تقریب وغیرہ میں جانا ہو تو یہ سوچ سوچ کرہی کڑھتی رہتی ہیں کہ ایسا کیا کروں کہ یہ کیل مہاسے ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائیں۔ سب سے پہلے تو یہ خواتین اپنے سوچنے کا انداز بدل لیں۔ کیل مہاسے میں احتیاط سے میک اپ کریں۔ میک اپ کرنے سے قبل کسی معیاری فیس واش سے منہ دھولیں اور چہرے کو کسی برش کی مدد سے صاف کریں، بعدازاں برش کی مدد سے کیل مہاسوں پر کنسیلر لگاکر تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں۔
اس کا استعمال اپنی اسکن ٹون کے مطابق کریں۔ اگر کیل مہاسے زیادہ نہیں ہیں تو پھر زردرنگ کا کنسیلر ہی لگائیں۔ اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ آپ جو بھی کنسیلر استعمال کریں وہ جلد کی رنگت سے ہلکا نہ ہو ،ورنہ مہاسے اور نمایاں ہوجائیں گے۔ اس کے بعد فاؤنڈیشن لگائیں ،ساتھ ہی ہلکا سا پائوڈر لگا کر چند منٹ کچھ نہ لگائیں۔ کیل مہاسوں سے نجات کے لیے لیموں کا استعمال بھی بہترین ہوتا ہے۔ اس کا عرق پانی میں ملا کر روزانہ پینے سے بھی کافی فرق پڑتا ہے، علاوہ ازیں قدرتی اجزا مثلاً شہد ،دہی اور بیسن میں لیموں کے چند قطرے ملا کربھی استعمال کر سکتی ہیں۔ ذیل میں مزید لیموں کے استعمال کے بارے میں بتا یا جارہا ہے۔
ایک پیالے میں لیموں کا رس ڈا لیں، اس میں روئی بھگو کر متاثرہ جگہ پر لگائیں۔ خشک ہونے کے چند منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو کر ٹشو سے خشک کرلیں۔ یہ عمل دن میں صرف ایک بارکریں۔
ایک کھانے کا چمچہ بیسن میں آدھا لیموں نچوڑ کر اچھی طرح مکس کرلیں، اسے متاثرہ جگہ پرچند منٹ لگائیں، بعدازاں نیم گرم پانی سے چہرہ دھوکر خشک کرلیں۔ اگر خشکی زیادہ ہو تو کوئی اچھا سا موئسچر ائزر لگالیں۔
لیموں اور دہی کواچھی طرح مکس کرکے انگلیوں کی پوروں کی مدد سے متاثرہ جگہ پرلگائیں، چند منٹ لگا رہنے دیں۔ اچھی طرح خشک ہوجائے توسادہ پانی سے چہرہ دھولیں۔ ہفتے میں ایک دن ضرور کریں۔
ایکنی اسکن کے لیے شہد بھی مفید ہے۔ رات کو سونے سے پہلے اسے چہرے پر لگا کر سوجائیں اور صبح اُٹھ کر نیم گرم پانی سے منہ دھولیں۔ اگر آپ کے چہرے پر کوئی زخم ہے تو پھر اسے استعمال نہ کریں۔ ایلویرا بھی کیل مہاسوں سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کر تا ہے۔ یہ نہ صرف اسکن پر نمودار ہونے والےنقصان کو ختم کرتا ہے بلکہ جلد کے ٹشوز کی دوبارہ مرمت بھی کرتا ہے۔ آپ ایلویرا کا گودا روزانہ اسکن پر لگائیں اور چند منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔