عظمیٰ صدیقی
کبھی کبھار روز مرہ کے کھانوں سے کچھ مختلف کھانے کا دل کرتا ہے تو سب سے پہلے فاسٹ فوڈ کا خیال ذہن میں آتا ہے۔ ویسے بھی یہ بچے ،بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔ ہم نے سوچا کیوں نہ اس ہفتے گھر میں ہی فاسٹ فوڈ پارٹی کرلی جائے۔ ذیل میں ہم آپ کو چند فاسٹ فوڈ کی ترا کیب بتا رہے ہیں۔
……زنگر برگر……
اجزا : چکن بریسٹ (بون لیس )ایک کلو ، کارن فلور ایک کپ ،چاول کا آٹا ایک کپ ،میدہ ایک کپ ،نمک حسب ِذائقہ ، پسی ہوئی سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ ،مایونیز آدھا کپ ،کیچپ آدھا کپ ،لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، سویا سوس ایک کھانے کا چمچہ ،چلی سوس ایک کھانے کا چمچہ، تیل حسب ِضرورت ،برگر بن (گول والے )،سلاد پتہ ،چکن پائوڈر ایک چائے کا چمچہ ،انڈے دو عدد۔
ترکیب: چکن بریسٹ کو دھو کر خشک کرنے کے بعد اس میں سفید مرچ ،لہسن ادرک کا پیسٹ ،سویا سوس ،چلی سوس ،کالی مرچ اور نمک ملا کردو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ ایک پیالے میں میدہ ،کارن فلور ،چاول کا آٹا ،کالی مرچ ،چکن پائوڈر اور تھوڑ ا سانمک ملا لیں، ایک پیالے میں انڈا پھینٹ لیں۔ میرینیٹ کیے ہوئے گوشت کو پہلے میدے والے مکسچر میں کوٹ کریں ،پھر انڈے میں ڈپ کرکے دوبارہ میدے سے کوٹ کرکے گرم تیل میں درمیا نی آنچ پر ڈیپ فرائی کریں ۔جب چکن گولڈن ہو جائے اور اندر سے گل جائے تو پلیٹ میں نکال کر رکھیں ۔بن میں مایونیز اور کیچپ لگاکر سلاد پتہ رکھ کر فرائی کی ہوئی چکن رکھ کر مزے سے کھائیں۔
……چکن تندوری برگر……
اجزا: چکن ایک کلو (بون لیس )،چاٹ مسالہ آدھا چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ ،نمک حسب ِذائقہ، لیموں کا رس ایک کھا نے کا چمچہ ،زردے کا رنگ ، ایک چٹکی، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ ،زیرہ بھنا اور پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، تیل تلنے کے لیے ،مایو نیز ایک کھانے کا چمچہ ،چلی گارلک سوس دو کھانے کے چمچے، سلاد پتے حسب ِضرورت ،کھیرا ،ٹماٹر حسب ِضرورت۔
ترکیب : چکن پر چاٹ مسالہ،پسی لال مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک، لیموں کا رس، زردے کا رنگ، مسٹرڈ پیسٹ اور زیرہ لگاکر تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں اب تیل گرم کرکے چکن فرائی کرلیں۔ بن کو ہلکا سا سینک لیں ،پھر اس پر مایونیز اور چلی گارلک سوس اور چکن پیس ،کھیرا اور ٹماٹر کاٹ کر رکھ دیں۔ لیجئے مزے دار چکن تندوری برگر تیار ہے۔
……کرسپی فرائیڈ چکن ……
اجزا: چکن بریسٹ دو عدد، نمک حسب ذائقہ ،لہسن کا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، دہی ایک پیالی ،اوریگانو آدھا چائے کاچمچہ، چینی ایک چائے کا چمچہ ،ڈبل روٹی کا چورا ایک پیالی ،چکن پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ ،یپریکا پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: دونوں چکن بریسٹ کو درمیان سے کاٹ کر دو حصے کرلیں اور دھو کر ان میں لمبائی میں (برابر کے فاصلے سے)کٹ لگا لیں۔ ان پر نمک اور کالی مرچ چھڑک دیں۔ دہی میں اوریگانو ،چینی اور لہسن ڈال کر ہلکا سا ملائیں اور اس سے چکن بریسٹ کو میرینیٹ کرلیں۔ ڈبل روٹی کے چورے میں چکن پاؤڈر، سفید مرچ ،پیپریکا پاؤڈر ،لال مرچ ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ میرینیٹ کی ہوئی چکن کو ڈبل روٹی کے چورے میں ڈیپ کرکے گرم تیل میں فرائی کرلیں۔کیچپ کے ساتھ مزے سے کھائیں۔