• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نااہلی، سانگھڑ، سکھر، نوابشاہ، عمر کوٹ، میرپور خاص میں احتجاج

عمرکوٹ،سکھر، سانگھڑ،نوابشاہ ( نامہ نگاران، بیورو رپورٹ )چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف سانگھڑ،سکھر،نوابشاہ،عمرکوٹ، میرپورخاص میں احتجاج کرکے قومی و مرکزی شاہراؤں پرٹریفک بلاک کردی گئی، مظاہرین نےالیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف شدید نعرے لگائے۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا جس کے بعد عمرکوٹ میں پی ٹی آئی تنظیم کے رہنماؤں اور ورکرز نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔پی ٹی آئی سکھر کے کارکنان نے سٹی بائی پاس پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکریٹری مبین احمد جتوئی نے کی، مظاہرین میں پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان بھی شامل تھیں۔ سانگھڑ میں بھی بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور الیکشن کمیشن کےخلاف شدید نعرے لگائے،اورجگہ جگہ ٹائرنذر آتش کرکے نوابشاہ روڈ ،حیدرآباد روڈ اور میرپورخاص چوک کو بلاک کرکے دھرنے پر بیٹھ گئے جس سے بری طرح ٹریفک جام ہوگیا،پریس کلب کے سامنے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ تحریک انصاف کے کارکنان نےنوابشاہ میں بھی احتجاجی دھرنا دیکر مہران ہائی وے بند کردی، اس موقع پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے،عمران خان کو ایک سازش کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر رہا ہے اور عمران خان کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اورآئندہ انتخابات میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنے کرتوتوں کے سبب خود ہی اپنے انجام کو پہنچ جائیگی۔تحریک انصاف میرپورخاص کے کارکنوں نےبھی پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور مظاہرہ کیا ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ عمران خان صادق اور امین ہیں، ان کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے ہم پر امن احتجاج کرکے ان کرپٹ حکمرانوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ عوام اب ان کے ساتھ نہیں ، ہمارا لیڈر عمران خان ہے،نااہل قرار دینے والا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید