کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر12مرحلے کے پہلے دن ہفتے کو نیوزی لینڈ نے میزبان اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو89رنز کی اپ سیٹ شکست دے دی۔دوسرے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو بآسانی پانچ وکٹ سے ہرا یا۔سڈنی میں نیوزی لینڈ کے خلاف201رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مایوس کن انداز میں111رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو اچھا فیصلہ ثابت نہیں ہوا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانوے نے 7 چوکے اور 2 چھکے کی مدد سے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس پر انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی نے 5 رنز کے اسکور پر ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر کے کینگروز کو پہلا جھٹکا دیا۔ ایرون فنچ 13 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر کپتان ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، مچل مارش بھی زیادہ کچھ نہ کر سکے وہ16رنز بناسکے۔ٹم ساؤتھی اور مچل سینٹنر نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں، ٹرینٹ بولٹ نے 2 اور لوکی اور ایش سوڈھی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔اس سے قبل آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے پہلی وکٹ 5 ویں اوور میں حاصل کی، انھوں نے نیوزی لینڈ کے بیٹر فن ایلن کو آؤٹ کیا۔ فن ایلن نے محض 16 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔پرتھ میں دوسرے میچ افغانستان کی ٹیم 112رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سیم کرن نےدس رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔بین اسٹوکس اور مارک ووڈ نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ابراہیم زردان 32 اور عثمان غنی کے 30 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔رحمان اللہ گرباز10اور حضرت اللہ زازئی7رنز ، محمد نبی تین اور راشد خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔انگلش بیٹر لیام لیونگ اسٹون 29 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ہیلز نے 19، بٹلر اور ملان نے 18، 18 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے راشد خان، محمد نبی، فاروقی اور مجیب الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کپتان کی حیثیت سے پہلا میچ جیت لیا۔