• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں میں کراچی میں گیس بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر/این این آئی) ایس ایس جی سی نے موسم سرما میں کراچی میں گیس بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں گیس کی طلب1250ایم ایم سی ایف ڈی اور سپلائی831ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ایس ایس جی سی کو 5 سوایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کاسامناہے ، جس کے باعث سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوجائے گا۔دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ گیس چوری اور لیکج سے کمپنی کا مالی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گیس لیکج اور چوری یوایف جی 19 فیصد تک پہنچ گئی۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ چوری 15 فیصد تھی ،جو چار فیصد بڑھ کر 19 فیصد تک پہنچی۔ذرائع ایس ایس جی سی نے بتایاکہ کراچی میں گیس چوری اور لیکیج میں ہرسال تقریبا ایک فیصد اضافہ ہورہا ہے۔رواں برس شہر میں موسم سرما میں گیس کا بحران شدت اختیار کر جائے گا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں موسم سرما سے قبل گیس چوری اور لیکج نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایک فیصد یو ایف جی بڑھنے سے کمپنی کو دو سے ڈھائی ارب روپے کا نقصان ہوتاہے۔ایس ایس جی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس چوری ، لائینوں میں پانی اور لیکج سے ایس ایس جی سی کی یومیہ 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ضائع ہو جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال جولائی سے ستمبر تک 14 عشاریہ 8 بی سی ایف گیس چوری اور لیکج رپورٹ ہوئی ہے۔ شہر کراچی میں پانچ ہزار پانچ سو مقامات پر گیس پائپ لائینوں سے گیس ضائع ہو رہی ہے۔ایس ایس جی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال مون سون کے دوران مزید مقامات پر گیس لائنوں میں پانی بھرنے اور لیکج کی شکایات بڑھ گئی ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں گیس کی طلب تقریبا 1250 ایم ایم سی ایف ہے جبکہ سپلائی 831 ایم ایم سی ایف ہے۔ایس ایس جی سی کو پانچ سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہے۔

اہم خبریں سے مزید