پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید اور جسٹس عبد الشکور پر مشتمل بینچ نے ٹاؤن میونسپل ایڈمینسٹریشن پشاور کو ایک ماہ کے اندر شاہی باغ فن لینڈ سے اسکریپ اٹھانے کے احکامات جاری کردیئے ۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی بد قسمتی کی بات ہے کہ کروڑوں روپے کی زمین پڑی رہتی ہے اور مافیا اسے ہڑپ کرنے کے درپے ہوتا ہے مگر جب عدالت مداخلت کرتی ہے تو سارے محکمے جاگ جاتے ہیں بعد ازاں عدالت نے وہاں پر موجود اسکریپ کو ایک ماہ کے اندر اندر اٹھانے کی ہدایت کردی اور صوبائی حکومت سے ضمنی درخواستوں پر جواب طلب کر لیا۔ قبل ازیں دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ شاہی باغ میں فن لینڈ کی جگہ کو خیبر پختونخوا میں منفرد طرز پر لیڈیز پارک میں تبدیل کردیا گیا ہے تاکہ وہاں پر خواتین کو تمام سہولتیں مہیا ہو سکے ۔ فاضل بنچ نے متعدد درخواستوں کی سماعت کی دوران سماعت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سید سکندر شاہ ،فوکل پرسن محکمہ جنگلات ڈی ایف او طارق شاہ اور ٹاؤن ون کے ٹی ایم او وقاص شاہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔