لندن ( جنگ نیوز، ایجنسیاں ) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوے کہا ہے کہ مارچ کسی انقلاب کیلئے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ کسی انقلاب کیلئے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے ہے۔ عمران خان کا انقلاب اس کی 4 سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور 50 ارب کی ڈکیتی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا چور ثابت ہوا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ عمران نیازی ارشد شریف کے المناک قتل کو معمولی سیاست کے لیے استعمال کررہا ہے۔ عمران نیازی خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔ ریاستی اداروں پر الزامات لگانے کی حد تک جا رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ وہ بے بنیاد الزامات کا سہارا لینے کے بجائے صبر سے کام لے اور جوڈیشل کمیشن کے نتائج کا انتظار کرے۔شہباز شریف نے کہا کہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا تہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میری درخواست پر سعودی عرب میں اپریل 2022ء کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں پر درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔