جدہ (شاہد نعیم) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی درخواست پر سعودی ولی عہد نے مسجد نبوی ﷺمیں ہنگامے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم محمدشہبازشریف نے مدینہ منورہ میں اپریل 2022ء میں مسجدنبوی ﷺ میں ہنگامہ آرائی کے واقعے میں گرفتارپاکستانیوں کی رہائی کا حکم دینے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بدھ کوایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ان کی درخواست پر مدینہ منورہ میں اپریل2022کے واقعے پرقید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں سے درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے الریاض میں ملاقات میں ان پاکستانیوں کی رہائی اوران کے معاملے میں درگزر سے کام لینے کی درخواست کی تھی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا بہتراجر عطا فرمائے۔
بدھ کی رات وزیراعظم ریاض سے جدہ پہنچے جہاں سے وہ مسجدالحرام پہنچ کے عمرہ کی سعادت حاصل کی، جبکہ وفد کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پہ حاضری کیلئے مدینہ منورہ بھی گئے جہاں نوافل اداکئے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔