کراچی (شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر) پاکستانی فٹ بال کی تاریخ کے متحرک ترین فٹ بالر اور صدارتی ایوارڈ یافتہ سابق کپتان انٹرنیشنل فٹبالر علی نواز بلوچ طویل علالت کے بعد 78 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، مرحوم کی نماز جنازہ کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں ادا کی گئی اور سینکڑوں سوگواروں کے موجودگی میں میراں پیر قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا، مرحوم نے بیوہ، دو بیٹے اور وو بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ علی نواز بلوچ نے آر سی ڈی فٹبال کپ میں 1974ء سے 1980ء تک پاکستان کی قیادت کی۔ انہیں 1960ء میں برصغیر کے مشہور فٹبال کلب کلکتہ محمڈن کی نمائندگی کا بھی اعزاز حاصل رہا۔ حکومت پاکستان نے انہیں 1996میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔ لیاری میں ایک سڑک کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔ نماز جنازہ میں احمد جان، ناصر اسماعیل،طارق لطفی، شمیم احمد ودیگر نے شرکت کی ۔ فٹ بال فیڈریشن کے سابق صدر فیصل صالح حیات، اشفاق حسین، احمد یار لودھی، کرنل (ر) فراست علی، نوید حیدر، شرافت بخاری، روبینہ عرفان، خادم علی شاہ، اعظم خان، نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک، شاہدکھوکھر اور دیگر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔