کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم دو نوں ابتدائی میچوں میں ناکامی کے بعد بہت دباؤ میں ہے۔ دعاؤں کے سہارے جیتنے والی قومی ٹیم میگا ایونٹ میں کرشموں کی منتظر ہے۔کھلاڑی اگلے میچ کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار کررہے ہیں، پاکستانی ٹیم اتوار کو نیدر لینڈ کے خلاف پرتھ میں ایکشن میں ہوگی، جمعے کو قومی کھلاڑیوں نے زیادہ تر وقت ہوٹل میں ہی گذارا، وہ خاصے خاموش رہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں زمبابوے کے خلاف ناکامی کے بعد پاکستانی کر کٹر شاداب خان کو مایوسی کے عالم میں زمین پر بیٹھے ہوئے دیکھا گیا۔ میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ میں شکست کے بعد ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ انہیں اپنی غلطیوں کا تجزیہ کرنا چاہئے، ابھی بھی ہم ایونٹ میں موجود ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ حوصلہ رکھیں، اتحاد دکھائیں، کم بیک کریں گے۔کپتان بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جیسا کھیلا اس سے بہتر ٹیم ہیں۔ میرے لیے آج کی شکست بہت افسوس کی بات ہے، انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھا کر رن ریٹ بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔