ملتان(سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک نے گورنمنٹ ٹاؤن ہسپتال نیوملتان میں آپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا۔ایم پی اے جاوید اختر انصاری،سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر اقبال،سی ای او ڈاکٹر غلام یسین،ڈاکٹر مسعود ہراج ایس ایم او ڈاکٹر وحید ودیگر بھی ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ملتان کے تمام ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز بھی مہیا کئے جائیں گے گورنمنٹ ٹاؤن ہسپتال میں ایوننگ شفٹ کا بھی آغاز کردیا گیا ہے جب کہ سرجری کا عمل بھی جلد شروع کردیا جائے گا،حکومت پنجاب نے عوام کیلئے صحت کی سہولیات فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں،تمام ہسپتالوں،بنیادی مراکز صحت میں معیاری ادویات فراہم کررہے ہیں،ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کے ساتھ شکایات سیل بھی بنائے گئے ہیں،عوامی شکایات کے حل کیلئے پوری انتظامیہ متحرک ہو جاتی ہے،شکایات سیل میں افسران کے نمبرز بھی عوام کو فراہم کئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہوم ڈسٹرکٹ کے تمام ہیلتھ سنٹرز کو اپ گریڈ کروا رہا ہوں، 90مزید ہیلتھ مراکز میں سکیورٹی سٹاف تعینات کررہے ہیں،108بی ایچ یوز کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام ہورہا ہے،اس دوران صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے ٹاؤن ہسپتال کے نئے آپریشن تھیٹر کے مختلف وارڈز کا معائنہ بھی کیا۔ایم پی اے جاوید اختر انصاری نے افتتاحی تقریب میں ملکی سالمیت و استحکام کیلئے دعا بھی کرائی۔