کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فاریکس کمپنیوں سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ معیشت کی بہتری کیلئے مناسب شرح مبادلہ یقینی بنائیں،ایکسچینج کمپنیز کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے کہاکہ وزیر خزانہ نے یقین دلایا ہے ڈالر کی پھر اسمگلنگ کرنیوالوں کیخلاف جلد ایکشن ہوگا۔ ہفتے کووفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی تمام بڑی فاریکس ایکسچینج کمپنیوں کے سربراہان کیساتھ ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے مستحکم معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے نہ صرف معیشت کے زوال کو روکا بلکہ درست سمت پر گامزن کیا ہے۔وزیر خزانہ نے فاریکس کمپنیوں سے درخواست کی کہ وہ ملک کی بہتری کیلئے مناسب شرح مبادلہ کو یقینی بنائیں،پاکستان کی سرکردہ ایکسچینج کمپنیوں نے حکومت کی مالیاتی اور مالیاتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کی معاشی اور مالیاتی مضبوطی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر خزانہ سے مکمل تعاون کا عزم کیا۔ ملاقات میںوزیراعظم کے معاون خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون برائے محصولات طارق پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک پاکستان کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ ایکسچینج کمپنیز کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کےساتھ ایکسچینج کمپنیز کا اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ڈالر کی دوبارہ اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف جلد ایکشن لینے کا یقین دلایا ہے۔