کراچی (اسٹاف رپورٹر)دنیا بھر میں لاکھوں نوجوانوں کے رول ماڈل اور سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم نے اپنی سوانح حیات میں انکشاف کیا ہے کہ وہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کوکین کی لت میں مبتلا ہو گئے تھے تاہم انھوں نے اپنی پہلی بیوی ہما مفتی کی 2009 میں وفات کے بعد اس عادت کو ترک کر دیا تھا۔ اپنی نئی سوانح عمری میں وسیم اکرم کہتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دنیا بھر میں ٹی وی پر بطور تجزیہ کار کام کررہے تھے کہ جب کوکین کا استعمال شروع کیا۔ بر طانوی اخبار کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہما کا آخری بے غرض اقدام میری منشیات کی لت چھڑوانا اور علاج کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ مانچسٹر میں فیملی سے دور ہوتے تھے تو کوکین پر انحصار بڑھ جاتا تھا۔ انگلینڈ میں ایک پارٹی کے دوران کوکین آفر کی گئی تو یہ لت بے ضرر انداز میں شروع ہوئی۔ پھر استعمال مسلسل بڑھتا گیا ۔ ایک دور میں میں نہ سوسکتا تھا نہ کچھ کھاپاتا تھا۔ ہما نے میرے بٹوے میں کوکین کا پیکٹ دیکھا۔اس نے کہا آپ کو مدد کی ضرورت ہے۔مجھے معلوم ہے کہ ہمااپنے والدین اور بہن بھائیوں کے پاس کراچی جانے کی خواہش کا اظہار کرتی تھیں۔ میں اس پر ہچکچاتا تھا۔کیونکہ میں خود کام کا بہانہ کرکے پارٹی کرنےکراچی جانا پسند کرتا تھا ۔ اس کا ہما کوپتا چلا جس کے بعدلت سے چھٹکارے کے لیے مدد طلب کی۔ اس سلسلے میں لاہور کے ایک ری ہیب میں ان کا تجربہ بُرا رہا تھا اور 2009 کی چیمپئنز ٹرافی کے دوران دوبارہ اس لت میں مبتلا ہو گئے تھے۔ ٹورنامنٹ کے بعد ہما کی موت ہوئی اور اس پر یہ عادت ترک کر دی۔