کراچی (نیوز ڈیسک) چین میں مقامی طور پر تیار کیے جانے والے Z-20 یوٹیلیٹی ہیلی کاپٹر نے جدت، بناوٹ اور ساخت کے معاملے میں امریکا کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کو بھی پیچھی چھوڑ دیا ہے کیونکہ اس میں وہ خصوصیات شامل کی گئی ہیں جو امریکی ہیلی کاپٹر میں نہیں ہیں۔
چائنیز میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، زی ٹوئنٹی ہیلی کاپٹر بنانے والے چیف ڈیزائنر ڈینگ جن گوہی نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر فورتھ جنریشن ہیلی کاپٹر ہے جس میں ایسی کئی ٹیکنالوجیز ہیں جو بلیک ہاک میں نہیں ہیں، اس میں فلائی بائی وائر فلائٹ کنٹرول سسٹم ہے جس کی وجہ سے یہ ہیلی کاپٹر فورتھ جنریشن میں شمار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت ہم نے فلائی بائی وائر سسٹم پر کام شروع کیا تھا اس وقت اس پر کہیں بھی کام نہیں ہو رہا تھا، حتیٰ کہ امریکا نے جس بلیک ہاک میں یہ سسٹم اب جا کر نصب کیا ہے وہ اب تک سروس میں شامل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بلیک ہاک میں ایکٹیو کنٹرول سسٹم آف نوائز اینڈ وائبریشن نہیں ہے، جو زی ٹوئنٹی میں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے بلیک ہاک کی نقل نہیں بنائی بلکہ ہم نے بلیک ہاک سے بھی جدید ترین چیز بنائی ہے۔