اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں آج سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف وفاق کی توہین عدالت درخواست ، سینیٹر اعظم سواتی پر مبینہ تشدد ، جبری گمشدگیوں اور بلوچ طلبہ کو ہراساں کرنے کے معاملہ پر کمیشن کی تشکیل کے فیصلے کے خلاف وزارت داخلہ کی اپیل سمیت دیگر مقدمات کی سماعت ہو گی۔ سابق وزیر اعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف وفاق کی جانب سے دائر کردہ توہین عدالت درخواست کی سماعت کورٹ روم نمبر 1 میں ہو گی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ کیس کی کرے گا۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی پر مبینہ تشدد کے خلاف خط پر ڈی جی ہیومن رائٹس سیل سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر وسیم شہزاد سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔ جبری گمشدگیوں سے متعلق دائر مختلف درخواستوں کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔ جبکہ بلوچ طلبہ کو ہراساں کرنے کے معاملہ پر کمیشن کی تشکیل کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وزارت داخلہ کی اپیل کی سماعت بھی جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔