• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ مشاورت سے کروں گا، ملک نواز

لوٹن ( شہزاد علی) آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما ملک نواز نے سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد جنگ لندن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف سے ذاتی مراسم استوار ہیں اور ابھی صرف ملاقات ہوئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ وہ کوٹلی اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں اور ساتھیوں کی مشاورت سے کریں گے، ملک نواز نے کہا مسلم کانفرنس اور پاکستان مسلم لیگ نظریاتی طور پر ایک دوسرے سے مماثل ہیں، سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہو سکتا ہے،انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی ہندوئوں کی لاکھوں کی تعداد میں آباد کاری کے مودی حکومت کے اقدامات نہایت تشویش ناک ہیں، عالمی برادری ان اقدامات کا نوٹس لے، اس سے کسی بھی ممکنہ رائے شماری پر اثر پڑے گا۔ بھارت کشمیر کی شناخت کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ خیال رہے کہ برطانیہ کے نجی دورے پر آئے ہوئے آزاد کشمیر کے سینئر سیاست دان ملک نواز جو متعدد مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز اور ایک باکردار سیاست دان کی شہرت رکھتے ہیں، کی پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کو خاصا اہم خیال کیا جا رہا ہے۔
یورپ سے سے مزید