اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان چین سے اپنے 14؍ ارب 60؍ کروڑ ڈالرز کے قرضوں کی ری شیڈولنگ چاہتاہے یہ معاملہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے آج سے شروع ہونےوالے دورہ چین میں اٹھائیں گے۔ پیرس کلب سے باہر ممالک کے واجب الادا قرضوں کا مجموعی حجم 26؍ ارب 90؍ کروڑ ڈالرز ہے۔ پاکستان کو قرضوں اور ڈپازٹس کی شکل میں چین کو 23؍ ارب ڈالرز واپس کرنے ہیں۔ سعودی عرب کو 90؍ کروڑ 61؍ لاکھ، متحدہ عرب امارات اور کویت کو 2؍ ارب 70؍ کروڑ ڈالرز لوٹانے ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران مختلف مدات میں چین کے و اجب الادا قرضوں کا حجم 14؍ ارب 60؍ کروڑ ڈالر ہے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج منگل کو چین جارہے ہیں دیگر کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی اس دورے میں شہباز شریف کے ساتھ ہوں گے جہاں مندرجہ بالا قرضوں کی ری شیڈولنگ پر بات ہوگی تاکہ گھٹتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کے تناظر میں کوئی سہولت حاصل کی جاسکے۔