• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کا اردو میں آسان ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کرانے پر غور

اسلام آباد (مہتاب حیدر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کے دوران کم ازکم 0.6 ملین خوردہ فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ممکنہ طور پر اردو میں آسان ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے۔ کل 3.6 ملین کمرشل بجلی کنکشنز میں سے ایف بی آر نے اندازہ لگایا ہے کہ تقریباً 2.3 ملین خوردہ فروش ہیں اور باقی 1.3 ملین ملک میں خدمت فراہم کرنے والے ہیں جیسے درزی، حجام کی دکانیں، بیوٹی پارلر وغیرہ۔ بجلی کے 23 لاکھ کمرشل کنکشنز میں سے تقریباً 20 لاکھ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔ تاہم گزشتہ 30 سالوں میں ایف بی آر کی جانب سے متعارف کرائی گئی تمام اسکیمیں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہیں۔ بدھ کو جب ایف بی آر کے سرکاری ترجمان اور ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی آفاق قریشی سے ان کے تبصرے جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ آسان ٹیکس فارم متعارف کرانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور حکومت اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیر خزانہ سے مشاورت کے بعد کرے گی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو اپنے تنگ قابل ٹیکس آمدنی کو وسیع کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ حکومت نے 3 لاکھ نئے ممکنہ ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہے۔ اب تک ایف بی آر کو اثر انگیز جواب ملا ہے جیسا کہ بورڈ نے 31 اکتوبر 2022 تک 2.5 ملین انکم ٹیکس گوشواروں کو حاصل کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے 3.5 ملین کے ریٹرن موصول ہوئے۔ ایف بی آر کے موصول ہونے والے ریٹرنز میں اب تک28.6 فیصد کمی آئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید