راولپنڈی ( آن لائن، جنگ نیوز ) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سانحہ مری کیس کے فیصلے میں سانحہ کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے معاوضوں میں اضافے کا حکم دے دیا ہے عدالت نے اپنے فیصلے میں مری میں غیر قانونی تعمیرات پر مکمل پابندی عائد کرنے کے علاوہ سیوریج اور پانی کے ساتھ ویسٹ مینجمنٹ کا نظام بہتر بنانے کا بھی حکم دیا ہے عدالت نے مری میں درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے پارکنگ سلاٹس مری سے باہر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کے روز عدالت نے مختصرا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مری سے تمام غیر قانونی تجاوزات فی الفور ختم کی جائیں اور مری میں ہوٹلوں اور رہائشی فلیٹس کو ریگولیٹ کیا جائے۔