اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومتوں کی لڑائی سیاست اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔ تشدد اور سیاسی انتہا پسندی معاشرہ میں مزید بگاڑ پیدا کریگی۔ عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، سابق وزیراعظم پر حملہ سے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا، صوبائی حکومت اگر بڑے سیاسی رہنما کی حفاظت نہیں کر سکتی تو عام لوگوں کو تحفظ کیسے دے گی؟ اب بھی وقت ہے کہ قومی معاملات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جائے، ملک مزید کسی بڑے سانحہ کامتحمل نہیں ہو سکتا، سیاست میں برداشت کا کلچر اپنانا ہو گا۔ سیاسی جماعتیں اور ان کے کارکنوں کو پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔ آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنا ہو گی، ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ہی ملک آگے بڑھے گا۔ مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔