• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ عمران خان پر حملے کی غیرجانبدار انکوائری کرائے، کمیونٹی رہنما

لوٹن (شہزاد علی ) چیئرمین میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ عمران خان اور لانگ مارچ کے شرکاء پر فائرنگ کے واقعے پر برطانیہ کی پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی میں شدید اضطراب اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے محبوب ترین لیڈر ہیں، پی ٹی آئی کے آزادی مارچ پر حملہ حکومت کی امن و امان قائم رکھنے اور سیاسی آزادیوں کو جاری رکھنے میں ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر حملہ جمہوری اقدار پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، حکومت اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرکے مستعفی ہو اور ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں تاکہ جاری بحران کا خاتمہ ہو۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ سپریم کورٹ واقعہ کی غیر جانبداری سے انکوائری کرائے۔ جمعیت علماء برطانيہ لندن کے امیر مفتی خالد محمود اور شاعر ابن شاعر سید سلمان گیلانی نے وزیر آباد پاکستان میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پرفا ئرنگ افسوس ناک ہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا سیاست میں تشدد کی مذمت کر تے ہیں،سیکورٹی کےحوالے سے صوبائی حکومت کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے، دعا ہے اللہ کریم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اوردیگر زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے پیر سید اعجاز محی الدین قادری، چوہدری جہانگیر احمد، خواجہ عبدالباسط ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر فائرنگ کا واقعہ تشویش ناک ہے عمران خان سے گہری عقیدت رکھنے والے سماجی رہنما چوہدری عبدالرشید پوٹھہ بنگش نے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ، انہوں نے کہا واقعہ نہایت تشویش ناک ہے۔

یورپ سے سے مزید