کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئر لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل 9 وکٹ سے جیت کر سیریز میں دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم نے 195 رنز کا ٹارگٹ 32.4 اوورز میں ایک وکٹ کھوکر پالیا، اوپنر سدرا امین 91 رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہیں۔ سدرہ نے پہلے میچ میں سنچری بنائی تھی۔ آئرلینڈ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.2 اوورز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، میری ویلڈرون نے 35 اور آرلینی کیلی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ غلام فاطمہ نے 32 اور نشرہ سندھو نے 41رنز دے کر 3،3 جبکہ فاطمہ ثنا نے 26 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔سیریز کا آخری میچ 9 نومبر کوکھیلا جائے گا۔کرکٹ آئر لینڈ کے چیف ایگزیکٹو ویرن ڈیوٹرم اور موجود ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس رچرڈ ہولڈز ورتھ نے سی ای او فیصل حسنین کے ساتھ میچ دیکھا۔